پی ایچ ایف کی 2متوازی تنظیمیں ،ہاکی کی بہتری کی امیدختم

پی ایچ ایف کی 2متوازی تنظیمیں ،ہاکی کی بہتری کی امیدختم

اسلام آباد(زاہداعوان/سپورٹس رپورٹر) سیاست کے باعث قومی کھیل ہاکی دو دہائیوں سے تباہی کاشکار ہے اور پاکستان ایشین گیمز 2010کے بعد کوئی بڑا ٹائٹل نہ جیت سکاا وراب ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان ہاکی فیڈریشن کی 2 متوازی تنظیمیں وجود میں آنے سے بہتری کی امیدیں بھی دم توڑگئیں،یہ معاملہ جلد حل نہ ہوا تو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان پر پابندی عائد کرسکتی ہے ۔

 آئندہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی کپ کیلئے دونوں دھڑوں نے اسلام آباد اورکراچی میں الگ الگ قومی کیمپ لگا رکھے ہیں ۔ فیڈریشن کی ایک متوازی تنظیم پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا کی صدارت میں کام کررہی ہے اورسیکرٹری سید حیدر حسین ہیں،جنہوں نے قومی ٹیم کا کیمپ عبدالستار نیشنل ہاکی سٹیڈیم کراچی میں لگا رکھاہے جبکہ دوسرے دھڑے کے صدر طارق بگٹی اورسیکرٹری رانا مجاہد ہیں جنہوں نے قومی ٹیم کا کیمپ نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں لگا رکھاہے ،کھلاڑیوں کی دوکیمپوں میں تقسیم سے قومی ٹیم انتہائی کمزور ہوجائے گی ۔زیادہ تر سینئر کھلاڑی اسلام آباد والے کیمپ میں شریک ہیں جبکہ کراچی میں نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے ۔پی ایچ ایف کی 2متوازی تنظیموں کے باعث انتظامی ، مالی اوردیگر انتظامات کے علاوہ ٹیم کی سلیکشن اور انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت تنازعات کا شکار ہوچکی ہے جبکہ سٹیڈیمز سمیت انفراسٹرکچر پر بھی دونوں دھڑوں میں قبضے کی جنگ جاری ہے جبکہ قومی کھلاڑی پریشان ہیں کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں کس کیمپ کی ٹیم شرکت کرے گی ۔ ایک سابق اولمپیئن اور قومی ٹیم کے کوچ نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پربتایاکہ ایف آئی ایچ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری سیدحیدرحسین کانام ہے اوروہی رابطے میں ہیں لیکن اس سنگین مسئلے کا حل وزیراعظم شہبازشریف کی مداخلت سے ہی ہوگا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں