میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں ، 3 سال سے ٹیم کا برا حال : محسن نقوی

میرے  پاس  جادو کی  چھڑی  نہیں  ، 3 سال  سے  ٹیم  کا  برا حال  : محسن  نقوی

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہاہے کہ قومی ٹیم کا برا حال آج سے نہیں ہے ، ہم تین سالوں سے ہار رہے ہیں۔

میں کسی ایسی بات کا جواب نہیں دوں گا جو کسی کی خواہش پر مبنی ہو۔میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ ایک دم سے کرکٹ کے تمام معاملات ٹھیک ہو جائیں،قومی کرکٹ کے معاملات ٹھیک ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑ دوں گا،قذاقی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جب میں چیئرمین پی سی بی بنا تو دو تین دنوں کے بعد لوگوں نے میرے استعفے کی خواہش کا اظہار کر دیا تھا۔انہوں نے واضح کیا کہ وقار یونس نے ہمیں تین چار ہفتے اسسٹ کیا، چیمپئنز کپ کیلئے جو پانچ مینٹورز رکھے ہیں وہ وقار یونس کی مشاورت سے ہوئے ہیں۔ ان پانچ کرکٹرز کے آنے سے ہمیں فائدہ ہو گا۔ ہماری کرکٹ میں یہ مسئلہ آ رہا ہے کہ کوئی بیک اپ نہیں ہے ۔سرجری کا مطلب ہے ہمارے پاس آلات پورے ہوں لیکن آلات پورے نہیں ہیں۔ہم پہلے اپنا بیک اپ تیار کریں گے پھر سرجری کریں گے ۔ سرجری کا کہا تو لوگوں نے فوری کہا کہ دو تین لوگوں کی گردنیں اڑا دو ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم مار دھاڑ شروع کر دیں۔ یہ چیمپئنز کپ ختم ہونے دیں پھر 150 لڑکے سامنے آئیں گے ۔بنگلا دیش سے ہارنا بہت مایوس کن ہے ۔میں نے راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ رپورٹ مانگی ہے ۔ سلیکشن کمیٹی نے 17 لڑکے دے دیے تھے آگے کپتان اور کوچ کا کام ہے ۔ ایک ہفتہ ٹورنامنٹ لیٹ ہونا یو ٹرن نہیں ہے ۔ ہم سٹیڈیمز کے تعمیراتی کاموں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں