ٹیسٹ رینکنگ : سعود شکیل کی لمبی چھلانگ ، ٹاپ 10 میں شامل
دبئی (سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔پاکستان کے بیٹر سعود شکیل بیٹنگ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں آ گئے ۔
سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آ گئے جبکہآسٹریلیا کے مارنس لبوشین ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر چلے گئے ، نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا 8 درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آ گئے ۔ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔بھارت کے جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے اور ویرات کوہلی 6 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ۔ بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم 19 سے 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا کی پہلی پوزیشن چھن گئی اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نمبر ون بولر بن گئے ، ان کی رینکنگ میں 3 درجے ترقی ہوئی ہے ،جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔بھارت کے روی چندرن ایشون دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے جبکہ پاکستان کے نعمان علی 8 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں آ گئے ان کی ٹیسٹ بولرز میں 9 ویں پوزیشن ہے اور پاکستان کے ساجد خان 12 درجے ترقی کے بعد 38 نمبر پر آ گئے ہیں۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔