چیمپئنز ٹرافی :آئی سی سی میٹنگ پھر ملتوی،بہتری کی امید:نقوی
دبئی ،لاہور(سپورٹس ڈیسک )چیمپئنز ٹرافی سے متعلق آئی سی سی کی میٹنگ ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کا جواب نہ آنے کی وجہ سے میٹنگ کو پھر ملتوی کیا گیا ۔
بھارت کا پاکستان کے مزید مطالبات پر جواب نہیں آیا، پاکستان کی شرائط بھارتی بورڈ سے متعلق ہیں، جس کا بھارتی بورڈ نے آئی سی سی کو جواب دینا ہے ۔ دوسری طرف لاہومیں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ اگر آئی سی سی کو کوئی نقصان ہوا تو دنیا بھر کی کرکٹ کو نقصان ہوگا تاہم مجھے امید ہے کہ چیزوں میں بہتری آئے گی۔ جیسے ہی کچھ فائنل ہوگا آگاہ کردینگے ، قوم کو مایوس نہیں کرینگے ، قوم کی توقعات سے بڑھ کر چیزیں سامنے آئیں گی۔ آئی سی سی میٹنگ میں ایسی کسی شرط پر بات نہیں کرسکتا جو قبل از وقت ہو، کوشش ہے کہ پاکستان کی کرکٹ اور عالمی کرکٹ کے لیے اچھا فیصلہ ہو، میں کوئی منفی بات کہہ کر معاملے کو خراب نہیں کرنا چاہتا ابھی اس معاملے پر بات چیت چل رہی ہے ، پاکستان ایک اچھا کردار ادا کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔