ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، جنوبی افریقہ کی فتح کی جانب پیش قدمی

 ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، جنوبی افریقہ کی فتح کی جانب پیش قدمی

لندن(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے تیسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے اور جیت کے لیے مزید 69 رنز درکار ہیں۔

ایڈن مارکرم 102 اور کپتان ٹیمبا باووما 65 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔لندن کے تاریخی لارڈز سٹیڈیم کھیلے جا رہے چیمپئن شپ فائنل میں جنوبی افریقا کی 282 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے ۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کیساتھ اننگز کا آغاز کیا، تاہم دن کے آغاز پر نیتھن لائن کی پہلی وکٹ گری، جو محض 2 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے ۔جوش ہیزل ووڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ مچل سٹارک 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ کینگروز نے جنوبی ا فریقا کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو ربادا اور ایڈن مارکرم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے اور اس وقت کریز پر ایڈن مارکرم 102 جبکہ کپتان ٹیمبا باوما 65 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ریان رکلٹن 6 اور وائن مولڈر 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقا کے دونوں کھلاڑی مچل سٹارک کا شکار بنے ۔دوسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم نے 74 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تھا لیکن دن کے اختتام پر 144 رنز پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ ٹیم کی مجموعی برتری 218 رنز تک پہنچ گئی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں