ایشین 6 ریڈ سنوکر،محمد آصف سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کولمبو(سپورٹس ڈیسک)کولمبو میں جاری ایشین 6 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں ملائشیا کے لم کاک لیونگ کے خلاف محمد آصف نے شاندار آغاز کیا اور ابتدائی تین فریمز 0-67، 21-41 اور 19-27 کے سکور سے جیت کر تین ۔ صفر کی برتری حاصل کرلی۔لائیشین کیویسٹ نے چوتھے فریم میں کم بیک کیا اور پانچویں فریم میں محمد آصف سے بلیک بال مس ہونے کا فائدہ اٹھا کر اپنے خسارے کو مزید کم کرتے ہوئَے 2-3 کردیا۔محمد آصف نے چھٹا فریم جیت کر ایک بار پھر برتری کو بہتر کیا لیکن ساتویں فریم میں لم کاک لیونگ نے آصف کو ایک بال بھی پوٹ نہ کرنے دی۔ بیسٹ آف 9 کوارٹر فائنل کے آٹھویں فریم میں بھی حتمی بالز تک دونوں پلیئرز میں کانٹے کا مقابلہ برابر رہا۔آخری لمحات میں ملائیشین پلیئر نے پنک بال مس کی جس کے بعد آصف نے اس گیند کو پوٹ کرکے فتح مکمل کی۔محمد آصف کی کامیابی کا سکور 0-67، 21-41 ، 19-27، 59-5، 32-41، 25-38، 68-0، اور 21-35 رہا۔سیمی فائنل میں محمد آصف کا مقابلہ آج ایک اور ملائشین پلیئر تھور چوان لیونگ سے ہوگا۔