ایشین انڈر 16والی بال،پاکستان نے بھارت کو ہرا دیا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دے دی۔
پاکستان نے یکطرفہ مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ ٹائٹل کے لیے پاکستان کا مقابلہ آج ایران سے ہوگا جس نے دوسرے سیمی فائنل میں جاپان کو مات دی۔پاکستان جونیئر ٹیم نے کوئی سیٹ ہارے بغیر فائنل میں جگہ بنائی، پاکستان نے پہلا سیٹ 16-25 سے اپنے نام کیا، دوسرے سیٹ میں پاکستان نے 19-25 سے کامیابی پائی اور تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ 12-25 سے جیت کر فتح کو گلے لگایا۔ پاکستان پہلے ہی عالمی انڈر27 والی چیمپئن شپ میں شرکت کا حقدار بن چکا ہے ۔دریں اثنا دوسرے سیمی فائنل میں ایران نے جاپان کو 0-3 سے شکست دے دی، دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔وزیراعظم نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا انتہائی خوش آئند ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے ، ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فائنل میں پاکستانی ٹیم کو کامیاب کرے ۔