پاکستان کوشکست،جنوبی افریقہ لیجنڈز لیگ کا چیمپئن بن گیا
برمنگھم (سپورٹس ڈیسک )ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر ٹائٹل جیت لیا۔۔۔
برمنگھم کے میدان ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے 196 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں صرف 1 وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا، کپتان اے بی ڈویلیئرز نے شاندار 120 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کے چیمپئن بننے میں اہم کردار ادا کیا۔دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے بیٹر نے 7 چھکے اور 12 چوکے بھی لگائے ، جے پی ڈومینی نے بھی کپتان کا خوب ساتھ دیا اور 50 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے ۔اے بی ڈویلیئرز کی ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر یہ تیسری سنچری تھی، انہوں نے اس سے قبل آسٹریلیا کیخلاف 123 اور انگلینڈ کے خلاف 116 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ سپنر سعید اجمل نے حاصل کی۔قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 195 رنز بنائے تھے ، پاکستان چیمپئنز کی جانب سے اوپنر بیٹرز شرجیل خان نے 44 گیندوں پر شاندار 76 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 9 چوکے اور 4 چھکے بھی لگائے ۔عمر امین نے 19 گیندوں پر 38 اور آصف علی نے 15 بالز پر 28 رنز بنا کر قومی ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا، شعیب ملک 20 اور کپتان محمد حفیظ 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔جنوبی افریقہ چیمپئنز کی جانب سے وائن پارنیل اور ہارڈس ویلجوئن 2،2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے ۔