نئی ٹی 20رینکنگ، حسن نواز اور صائم کی لمبی چھلانگ

 نئی ٹی 20رینکنگ، حسن نواز اور صائم کی لمبی چھلانگ

دبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے ٹی 20 اور ٹیسٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی۔

مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز 24 درجے بہتری حاصل کرکے 30 ویں، صائم ایوب 25 درجے ترقی کے ساتھ 37ویں اور صاحبزادہ فرحان 34 درجے بہتری کے ساتھ 63 ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔ دوسری جانب سینئر کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان تین تین درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 17ویں اور 19ویں پوزیشن پر آگئے ۔ بھارت کے ابھیشک شرما بیٹنگ میں پہلے نمبر پر ہیں ،بولنگ رینکنگ میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا ٹاپ 20 میں نام شامل نہیں۔ بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے نمبر پر ہیں۔ بھارت کے فاسٹ بولر محمد سراج نے ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں 12 درجے ترقی کرتے ہوئے 15ویں پوزیشن حاصل کی۔ دوسری جانب پراسِدھ کرشنا 25 درجے بہتری کے ساتھ 59ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس ایٹکنسن پہلی بار ٹیسٹ بولرز کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہوئے ہیں ،ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل چار درجے ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 10 میں داخل ہو گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں