انڈر ورلڈ گینگ کی بھارتی کرکٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی
رنکو سنگھ سے 5کروڑ تاوان طلب کرنیوالے 2 افراد ویسٹ انڈیز سے گرفتار
ممبئی (نیوزایجنسیاں )بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے سٹار بلے باز رنکو سنگھ کو انڈر ورلڈ گینگ کی جانب سے جان سے مارنے اور تاوان کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ ممبئی کرائم برانچ نے انکشاف کیا ہے کہ بدنام زمانہ داؤد ابراہیم گینگ (ڈی کمپنی)نے فروری سے اپریل 2025 کے دوران رنکو سنگھ کی پروموشنل ٹیم کو تین بار تاوان کی دھمکی آمیز کالز کیں، جن میں 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں 2 مشتبہ افراد محمد دلشاد اور محمد نوید کو حراست میں لے لیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں کو ویسٹ انڈیز سے گرفتار کر کے یکم اگست کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ یہ دونوں افراد اس سے قبل سابق ایم ایل اے بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی سے 10 کروڑ روپے تاوان مانگنے کے الزام میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔ تفتیش کے دوران ایک ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے رنکو سنگھ سے تاوان مانگنے کیلئے رابطہ کیا تھا۔رنکو سنگھ جن کا تعلق اتر پردیش کے شہر علی گڑھ سے ہے ، انہوں نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی کرکٹ سے شہرت حاصل کی تاہم اب ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ سکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں جب کہ حال ہی میں ان کی ایم پی پریا سروج سے منگنی ہوئی ہے ۔