پاکستان میں فٹبال کا فروغ،اے ایف سی کا سنجیدہ اقدامات پر زور
تمام سٹیک ہولڈرز کو فٹبال کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، وقت آ گیا ہے کہ ماضی کو بھلا کر حال اور مستقبل پر خصوصی توجہ دی جائے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت،یقین ہے کہ حالات بہتری کی جانب جائینگے ،صدرشیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی ) کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات اور واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے ، تمام سٹیک ہولڈرز کو فٹبال کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، وقت آ گیا ہے کہ ماضی کو بھلا کر حال اور مستقبل پر توجہ دی جائے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوے شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کی بے پناہ مقبولیت ہے ، یہاں ایک منتخب فٹبال باڈی کام کر رہی ہے جو کھیل کے استحکام کی طرف مثبت قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے اور اے ایف سی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے لیکن یہاں کے فٹبال انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں حالات بہتری کی جانب جائیں گے اور پاکستان فٹبال ترقی کرے گا۔ شیخ سلمان نے کہا کہ اے ایف سی کا مقصد کھیل کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سمت میں لانا ہے ۔ فٹبال پاکستان کے لیے صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک متحد کرنے والی طاقت بن سکتی ہے ، اگر سب مل کر اس کی ترقی کے لیے کام کریں۔