رائزنگ سٹار ایشیا کپ: پاکستان کی بھارت کو عبرت ناک شکست
پاکستان شاہینز کی ٹیم نے بھارت کا 137رنز کا دیا گیا ہدف صرف 2وکٹوں کے نقصان پر 14ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا اوپنر بیٹر معاذ صداقت نے شاندار 79 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا، مین آف دی میچ قرار
دوحہ (سپورٹس ڈیسک)رائزنگ سٹار ایشیا کپ کے چھٹے میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی ہے ۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز کی ٹیم نے بھارت کا 137 رنز کا دیا گیا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 14ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔پاکستانی اوپنر بیٹر معاذ صداقت نے شاندار 79 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا،انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ محمد نعیم 14 اور یاسر خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد فائق 16 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔
بھارتی باؤلرز سویاش شرما اور یش ٹھاکر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل، بھارت اے ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووز بھی کھیل نہ سکی اور 19ویں کے آخری گیند پر پوری ٹیم 136 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹی۔بھارت کی جانب سے ویبھو سوریا ونشی نے 28 گیندوں پر برق رفتار 45رنز کی اننگز کھیلی، نامن داہر 35 رنز بنا کر نمایاں رہے ، جب کہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہد عزیز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 24 رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، معاذ صداقت اور سعد مسعود نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، صفیان مقیم، احمد دانیال اور عبید شاہ نے ایک، ایک شکار کیا۔واضح رہے کہ بھارت کی سینئر مینز ٹیم کی طرح ایمرجنگ پلیئرز نے بھی کھیل میں سیاست کو شامل کیا اور پاک،بھارت میچ میں ٹاس پر بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا۔