کرکٹ اب بورڈز، مالکان کے مالی فائدوں کا کھیل:پیٹرسن
چھکے اور سوئچ ہٹس مارتے رہو اور اپنا بینک بیلنس بڑھاتے رہو،سابق کرکٹر
کولکتہ (سپورٹس ڈیسک) سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن کرکٹ میں پیسے کی ریل پیل پر بول پڑے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کیون پیٹرسن نے کہا کہ کولکتہ ٹیسٹ کا رزلٹ ماڈرن ڈے کرکٹ کا ہی نتیجہ ہے ، بیٹرز اب چھکے مارتے اور سوئچ ہٹ کھیل کر ہی بڑے ہورہے ہیں، بیٹرز کو اننگز لمبی کرنا اور مشکل حالات میں میچ بچانا نہیں سکھایا جا رہا۔سابق انگلش کرکٹر نے کہا کہ اس میں کھلاڑیوں کا قصور نہیں کیونکہ ماڈرن کرکٹ ایسی ہی ہے ، آج کل کھلاڑیوں کی ترجیح کریز پر کھڑے رہنا یا سپن کو کھیلنے کی آرٹ سیکھنا نہیں ہوتا، کرکٹ اب اونچا میوزک،لائٹس،کرکٹ بورڈز اور نجی مالکان کے مالی فائدوں کا کھیل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس چیز پر کوئی بات نہیں کرتا کیونکہ ایسا کرنا ممنوع ہے ،کھلاڑی جتنا زیادہ پیسا کما سکتے ہیں کمائیں، وہ وہی کررہے ہیں جوفیصلہ سازکررہے ہیں۔کیون پیٹرسن نے کہا کہ چھکے اور سوئچ ہٹس مارتے رہو اور اپنا بینک بیلنس بڑھاتے رہو۔واضح رہے کہ کولکتہ ٹیسٹ میں بھارت جنوبی افریقا کے خلاف بچھائے گئے اپنے ہی جال میں پھنس گیا اور 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔