نقوی کا پی ایس ایل کودنیا کی نمبرون لیگ بنانے کا عزم
تاریخ میں پہلی بار لیگ کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو ، نئی بڈ شفاف اور اوپن ہوگی، اسلام آباد میں سٹیڈیم بنائینگے ،چیئرمین بورڈ لیگ کی کامیابی میں سب کی محنت شامل،وسیم اکرم، ایونٹ سے کھیل کو فروغ مل رہا ،رمیز، کامیاب انعقاد بڑی کامیابی ہے ،بابر اعظم
لارڈز(سپورٹس ڈیسک)تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل کا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو منعقد کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی انتظامیہ مشترکہ طور پر کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں، پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں، ہمارے قومی کرکٹرز میں بہت صلاحیت موجود ہے ۔محسن نقوی نے کہا کہ میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے ، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے ، پی ایس ایل میں نئی بڈ شفاف اور اوپن ہوگی، اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم بنانے جارہے ہیں، ہر سٹیڈیم میں شائقین کے لیے میوزیکل کانسرٹ ہوگا، ہم امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جارہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم نے پینل گفتگو میں کہا کہ پی ایس ایل میں مقامی ٹیلنٹ کو مواقع دے رہے ہیں، پی ایس ایل پاکستان کے شائقین کرکٹ کے لیے تفریح کے اچھے مواقع فراہم کررہی ہے ، پی ایس ایل کی کامیابی میں سب کی محنت شامل ہے ۔رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ کے کھیل کو فروغ مل رہا ہے ، پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کا عالمی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی، سینئر کھلاڑی اپنے اندر اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرتا ہوں، پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے ۔