ویسٹ انڈیز شکست، نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز جیت لی
تیسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 323 رنز سے ہرا کر سیریز 0-2 سے جیتی
ماؤنٹ مانگانوئی (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 323 رنز سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی، جیکب ڈفی کی پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ ماؤنٹ مانگانوئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کیلئے 462 رنز کا مشکل ہدف دیا تاہم ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 138 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پانچویں دن اپنی اننگز کا آغاز 43 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ کیا تو اس کا پہلا کھلاڑی 87 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوا جب برینڈن کنگ 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 42 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں،ڈیو ن کونوے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے دونوں اننگز میں 227 اور 100 رنز سکور کیے جبکہ کپتان ٹام لیتھم نے 137 اور 101 رنز بنائے ۔ یوں یہ اوپننگ جوڑی تاریخ میں ایک ہی میچ میں دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے والی پہلی جوڑی بن گئی۔جیکب ڈفی کو سیریز میں 23 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔