ریفری سے نامناسب رویہ، مصری کھلاڑی کیخلاف کمیٹی تشکیل
کراچی (سپورٹس ڈیسک )پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن( پی ایس اے ) نے کراچی انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ریفری سے نامناسب رویہ اپنانے والے مصری کھلاڑی کے خلاف کمیٹی تشکیل دے دی۔
دوران میچ بدتمیزی کرنے اور فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار پر عالمی نمبر15 فیرس ڈیسوکی کے خلاف پاکستانی ریفری سجاد خان نے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کو رپورٹ کی تھی۔ڈی اے کریک کلب میں جاری ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں عالمی انڈر 23 چیمپئن اورعالمی نمبر 38 نور زمان کے خلاف میچ کے دوران مصری کھلاڑی نے فیصلے پرسخت غصے کا اظہارکرتے ہوئے ریفری سے قومیت بھی پوچھی تھی، بار بار تنبیہ کے باوجود فیرس کورٹ سے باہرآکر ریفری سے بحث کرتے اور سخت طیش میں چیخ و پکار کرتے رہے ۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعہ کی رپورٹ پرعالمی سکواش کھلاڑیوں کی تنظیم کی قائم کردہ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے اپنی سفارشات پیش کرے گی، الزامات ثابت ہونے پر مصری کھلاڑی پر جرمانہ کے ساتھ چند انٹرنیشنل میچز میں شرکت پر پابندی بھی لگ سکتی ہے ۔