قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ڈیلیز کے معاملے پر مزید پریشان

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ڈیلیز کے معاملے پر مزید پریشان

کئی کھلاڑی اسلام آباد میں پرو لیگ کے کیمپ میں شرکت کیلئے ادھار پیسے لیکر پہنچے ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی :ذرائع

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاونس کی ادائیگی کے معاملے پر شدید مالی مشکلات اور تشویش کا سامنا ہے ۔اس بارے میں ذرائع نے بتا یاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ (بی ایس بی) نے اپنی پالیسی کے مطابق ڈیلی الاونس کی ادائیگی کا کہہ دیا ہے اور پی ایس بی پالیسی کے مطابق 40 ڈالرز کی ڈیلی ادا کرتا ہے جو تقریبا 11 ہزار روپے بنتے ہیں۔خیال رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) انٹرنیشنل ٹورپر 30 ہزار روپے ڈیلی ادا کرتی ہے اور کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں 40 ڈالرز منظور نہیں 30 ہزار روپے دیئے جائیں۔ایسی صورتحال کے پر کھلاڑیوں نے کیمپ میں نہ جانے کا بھی فیصلہ کر لیا تھا تاہم پی ایچ ایف نے پی ایس بی سے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی دلائی تھی۔ اس حوالے سے قومی ہاکی کھلاڑیوں کی پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی یاسر پیرزادہ سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے کھلاڑیوں کو ڈیلی کے معاملے پر وضاحت دی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں نے ڈی جی پی ایس بی سے کم ڈیلیز کی بات کی اور کہا کہ پی ایچ ایف نے آپ کو خط لکھا ہے جس پر یاسر پیر زادہ نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کسی خط کے بارے میں علم نہیں، تمام اخراجات پی ایس بی اپنے وسائل سے برداشت کر رہا ہے ،حکومتی فنڈز آنا ہیں اور کھلاڑیوں کو پی ایس بی پالیسی کے مطابق ڈیلی الاؤنس ادا کئے گئے ہیں۔ذرائع نے یہ بھی کہا کہ کئی کھلاڑی اسلام آباد میں پرو لیگ کے کیمپ میں شرکت کیلئے ادھار پیسے لیکر پہنچے ہیں، قومی ہاکی کھلاڑیوں نے وزیرِ اعظم پاکستان سے معاملہ جلد حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جائز مطالبہ تسلیم نہ ہوا تو کھلاڑی انتہائی رد عمل کیمپ کے بائیکاٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں