ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سائیکل رائیڈ وریس آج ہوگی
500 سے زائد سائیکلسٹس شرکت کرینگے ، اختتامی تقریب ہاکی سٹیڈیم میں ہوگی
لاہور (سپورٹس ڈیسک )سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سائیکل رائیڈ اور ریس آج لاہور میں منعقد کی جائے گی، جس میں 500 سے زائد سائیکلسٹس شرکت کریں گے ۔ترجمان کے مطابق سائیکل رائیڈ اور ریس کو چار مختلف ایونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے ، جن میں گرلز، بوائز، بچوں کی سائیکل ریسز کے علاوہ فیملی فن رائیڈ کو شامل کیا گیا ہے ،فیملی فن رائیڈ میں بھی 500 سائیکلسٹس شرکت کریں گے ۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اس تاریخی سائیکل رائیڈ اورریس کے مہمانِ خصوصی اور وہ خود بھی سائیکل ریس میں حصہ لیں گے ۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری بھی شریک ہوں گے ۔500 سائیکلسٹس کی رائیڈ لبرٹی چوک منال سے شروع ہو کر سی بی ڈی کلمہ چوک سے گزرتی ہوئی دوبارہ لبرٹی چوک پر اختتام پذیر ہوگی جبکہ گرلز، بوائز اور بچوں کی سائیکل ریسز نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے لبرٹی سائیڈ سے انٹرنس گیٹ سے شروع ہو کر قذافی سٹیڈیم کے گرد چکر لگاتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کے مین گیٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوں گی۔سائیکل ریس کی اختتامی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہوگی ۔