ٹی 20ورلڈکپ کا فائنل آج،نیوزی لینڈ جیت کیلئے پر عزم
ٹرافی اٹھانے کیلئے کچھ دِلوں کو توڑنے پر برا نہیں لگے گا:کیوی کپتان ،بھارت ہوم گرانڈ پر ٹائٹل برقرار رکھنے کیلئے میدان میں اترے گا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ٹی 20ورلڈ کپ کا فائنل آج احمد آباد میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا،نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی تاریخ کا پہلا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کی کوشش کرے گی جبکہ بھارت ہوم گرانڈ پر ٹائٹل برقرار رکھنے کیلئے میدان میں اترے گا۔کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہاہے کہ ٹرافی اٹھانے کے لیے کچھ دِلوں کو توڑنے پر برا نہیں لگے گا۔پچ ممکنہ طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی اور زیادہ سکور دیکھنے کو مل سکتا ہے ، میڈیا سے گفتگو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ گزشتہ 11 برسوں کے دوران نیوزی لینڈ نے آئی سی سی کے پانچ وائٹ بال فائنلز کے لیے کوالیفائی کیا لیکن جیتے کوئی نہیں۔
جس پر کیوی کپتان نے طنزیہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرافی جیتنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ لیکن آپ اس ٹیم اور ماضی کی ٹیموں کو دیکھیں تو یہ ٹیم اپنے خیالات میں پختہ رہی ہے ۔ یہ ٹیم میدان میں جاتی ہے اور ایک یونٹ کی طرح کھیلتی ہے ۔ اس بار بھی کچھ مختلف نہیں ہے اور یہ اس لیے بھی مشکل ہوگا کہ کوئی بھی نیوزی لینڈ کو فیورٹ نہیں سمجھ رہا تھا۔ لیکن ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ٹیم کو معلوم ہے کہ وہ کرسکتی ہے ۔ ہوم گرانڈ پر کھیلنے کی وجہ سے بھارت پر جیتنے کا دباؤ زیادہ ہوگا ،ان کی ٹیم کا ہدف اچھا کھیل پیش کرنا اور ممکن ہو تو سٹیڈیم میں موجود شائقین کو خاموش کرنا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت دنیا کے بہترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں اور انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے میچ کا رخ بدل دیا تھا۔