بنگلادیش کیخلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان کو عبرتناک شکست

بنگلادیش کیخلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان کو عبرتناک شکست

بنگلادیشی بولرز نے پاکستانی بیٹنگ کی کمر توڑ دی اور ٹیم کو 30.1 اوورز میں 114 رنز پر چلتا کیا جو بنگلادیش کیخلاف ون ڈے کا کم ترین سکور ہے میزبان ٹیم نے پاکستان کیجانب سے دئیے 115 رنز کے ہدف کو 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ناہید رانا کی 5وکٹیں

ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو عبرتناک شکست دیتے ہوئے 8 وکٹوں سے میچ اپنے نام کرلیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔بنگلادیشی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 115 رنز کے ہدف کو 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو نے 27 رنز بنائے جبکہ تنزید حسن نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ڈھاکا کے شیربنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان مہدی حسن میراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صاحبزادہ فرحان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ شامل حسین بھی صرف 4 رنز ہی بنا سکے ، معاذ صداقت بھی اپنے کیرئیر کے پہلے میچ میں 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔بنگلادیشی بولرز نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی اور پوری ٹیم کو 30.1 اوورز میں 114 رنز پر چلتا کردیا جو کہ پاکستان ٹیم کا بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میں کم ترین سکور ہے ۔پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف 37 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ محمد رضوان 10، سلمان آغا 5، حسین طلعت 4، عبدالصمد 0، شاہین آفریدی 4 اور محمد وسیم 0 تک محدود رہے جب کہ ابرار احمد 0 پر ناٹ آؤٹ رہے ۔بنگلادیش کے ناہید رانا کے ون ڈے کیرئیر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 24رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز نے 29رن کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں