پی ایس ایل،حیدرآباد کی کٹ نے رنگ چھوڑ دیا
پی ایس ایل،حیدرآباد کی کٹ نے رنگ چھوڑ دیا وائٹ بال پنک میں تبدیل،امید ہے اگلے میچ میں مسئلہ حل ہو جائیگا، لبوشین
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا گیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں گیند کا رنگ تبدیل ہونے کا ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ دیکھنے میں آیا جس کے باعث گیند کو تبدیل بھی کرنا پڑا۔حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم نے مرون رنگ کی کٹ پہن رکھی تھی، جس کا رنگ سفید کوکابورا گیند پر لگنے لگا اور وہ ہلکے گلابی رنگ کی ہو گئی جس سے بلے بازوں کو گیند دیکھنے میں دشواری پیش آئی۔ حیدرآباد کنگزمین کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے لاہور قلندرز کو فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا کہ مخالف کو اپنا پہلا پنک بال میچ جیتنے پر مبارکباد۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے بتایا کہ انہوں نے دوسرے ہی اوور میں امپائرز کو اس مسئلے سے آگاہ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ کبھی کبھار گیند پر پیڈز یا بیٹ کا رنگ لگ جاتا ہے لیکن انہوں نے اس سے پہلے ایسا منظر کم ہی دیکھا ہے ۔لبوشین نے امید ظاہر کی اگلے میچ سے پہلے اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔