ایک سال رضوان کے گھر بیٹنگ پریکٹس کی:یاسر خان
میرا فرسٹ کلاس اچھا گیا، اب پی ایس ایل پر فوکس ہے ،بیٹر راولپنڈیز
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز راولپنڈیز کے بیٹر یاسر خان نے انکشاف کیا کہ وہ بیٹنگ پریکٹس کے لیے ایک سال تک محمد رضوان کے گھر رہے ۔پشاور زلمی کے خلاف 46 گیندوں پر 83 رنز بنانے والے جارح مزاج بیٹر یاسر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پی ایس ایل کے بعد میں نے سابق کپتان محمد رضوان سے بیٹنگ کے حوالے سے بات کی تو انہوں نے مجھے اپنے پاس بلا لیا، محمد رضوان کے پاس ایک سال گزارا، انہوں نے میرے ساتھ کام کیا جس کا فائدہ ہو رہا ہے ، میں ایک سال رضوان کے گھر پشاور میں رہا، 2 سیشنز میں 3 سے 4 گھنٹے بیٹنگ کرائی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میرا فرسٹ کلاس اچھا گیا، نیشنل ٹی ٹونٹی میں پرفارمنس ہوئی، اب پی ایس ایل پر فوکس ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ محمد رضوان نے جس طرح مجھ پر کام کیا اس کا فائدہ ہو رہا ہے ۔یاسر خان کا کہنا تھاکہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے اچھا کرے ، میں بھی چاہتا ہوں کہ ٹیم کو چیمپئن بنواؤں، ڈومیسٹک میں میری بہت اچھی پرفارمنسز ہیں، ٹھیک ہے میں قومی ٹیم میں نہیں آ سکا، یہ قسمت کی بات ہے ، ابھی میرا ٹائم نہیں آیا، جب ٹائم آئے گا تو اللہ خود راستہ بنا دے گا۔