پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت یادگار تجربہ:کونوے
پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت یادگار تجربہ:کونوے لیگ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے ،کیوی کرکٹر کی گفتگو
لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے کرکٹر ڈیون کونوے نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار شرکت ان کے لیے نہایت خوشگوار اور یادگار تجربہ ہے ، اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن کر وہ خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں،جہاں بہترین ساتھی کھلاڑی میسر آئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لیگ میں شرکت سے قبل انہوں نے مارک چیپمین، ڈیرل مچل اور کوچ لیوک رونکی سے تفصیلی مشاورت کی،جس سے انہیں یہاں کے حالات اور مسابقتی ماحول کو سمجھنے میں مدد ملی۔ڈیون کونوے کا کہنا تھا کہ وہ اس سے قبل بھی نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے ہمراہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کر چکے ہیں،پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، مقامی کھانوں کے ذائقے اور رہائش کی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ نہایت ملنسار اور خوش اخلاق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی غیر معمولی رہی ہے اور ہر ٹیم کے پاس ایسے معیاری باؤلرز موجود ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیند کرتے ہیں۔ان کے مطابق مختلف ٹیموں کی جانب سے 200 سے زائد رنز کے مجموعے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پچز بیٹنگ کیلئے بھی سازگار اور متوازن رہی ہیں۔