مائیک ہیسن کیلئے پاور پلے میں کارکردگی بہتر بنانا بڑا چیلنج

مائیک ہیسن کیلئے پاور پلے میں کارکردگی بہتر بنانا بڑا چیلنج

ون ڈے ورلڈکپ سے قبل ٹیم کو پاور پلے میں رنز بنانے ، وکٹیں لینے پر مزید کام کرنا ہوگا کیونکہ گزشتہ ایک سال میں بہتری نہیں آسکی مڈل اوورز میں سٹرائیک ریٹ پر کام کرناہے تاکہ پریشر کو کم کیاجاسکے ،ٹیم میں انتخاب ہمیشہ انفرادی کارکردگی پر کیا جاتا ہے ، ہیڈ کوچ

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ون ڈے ورلڈکپ سے قبل ٹیم کو پاور پلے میں رنز بنانے اور وکٹیں لینے پر مزید کام کرنا ہوگا کیونکہ گزشتہ ایک سال میں اس شعبے میں بہتری نہیں آسکی۔ انہوں نے کہا کہ مڈل اوورز میں سٹرائیک ریٹ پر کام کرناہے تاکہ پریشر کو کم کیاجاسکے ۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ قومی ٹیم گزشتہ دس روز سے لاہور میں کیمپ کر رہی تھی اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں گزشتہ ایک سال کے دوران واضح اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے محمد رضوان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے قبل رضوان نہ صرف ٹی ٹونٹی سکواڈ کا حصہ تھے بلکہ کپتان بھی تھے ، تاہم ویسٹ انڈیز سیریز کے بعد ٹیم مینجمنٹ کو محسوس ہوا کہ کپتانی میں تبدیلی کی ضرورت ہے کیونکہ ٹیم مطلوبہ پرفارمنس نہیں دے پا رہی تھی۔

مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ جب سے وہ کوچ بنے ہیں، محمد رضوان ٹی ٹونٹی فارمیٹ نہیں کھیل رہے ۔ ہیڈ کوچ نے واضح کیا کہ ٹیم میں انتخاب ہمیشہ انفرادی کارکردگی یا ٹیم کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلادیش سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا جبکہ محمد رضوان بھی سکواڈ کا حصہ تھے ۔ ان کے مطابق آئندہ سال ورلڈکپ شیڈول ہے اور ٹیم مینجمنٹ مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا ون ڈے ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے جبکہ پاکستان متعدد مواقع پر انہیں شکست دینے میں ناکام رہا۔ نائب کپتانی سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ انہیں سلمان علی آغا کی نائب کپتانی کے باضابطہ اعلان کا علم نہیں، البتہ سلمان علی آغا گزشتہ پانچ سیریز سے نائب کپتان کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں