فیفا ورلڈکپ، 97میچز شدید گرمی سے متاثر ہونیکا خدشہ
موسمیاتی تبدیلی کے باعث فٹبالرز کی دوڑنے ،ریکوری کی صلاحیت متاثر ہو سکتی
واشنگٹن (سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ کے اکثر میچز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثر انداز ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 104 میں سے 97 میچز شدید گرمی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی نے ورلڈ کپ میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہونے کے امکانات بڑھا دئیے ہیں، تقریباً نصف ورلڈ کپ میچز میں کارکردگی متاثر کرنے والی گرمی کا خدشہ 50 فیصد سے زائد ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ 2026 میں بڑھتا درجہ حرارت کھیل کی رفتار اور معیار پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث فٹبالرز کی دوڑنے اور تیزی سے ریکور ہونے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے ۔بتایا جارہا ہے کہ یوراگوئے اور سپین کے درمیان 26 جون کا میچ شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،گواڈالاخارا میں یوراگوئے اور سپین میچ میں شدید گرمی کے امکانات موسمیاتی تبدیلی سے 37 فیصد بڑھ گئے ۔بین الااقوامی ادارے کی رپورٹ میں ورلڈ کپ فائنل میں بھی شدید گرمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ ماہرین نے شدید گرمی کو کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت کھلاڑیوں کی کارکردگی کم کر سکتا ہے ، شدید گرمی کے باعث ورلڈ کپ میچز میں رفتار، حکمت عملی اور معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔