قومی ٹیم ویسٹ انڈیز روانہ،سرفراز کا شان پر اطمینان کا اظہار
ویسٹ انڈیز میں 18تا 21جولائی چار روزہ پریکٹس میچ ،شان کپتانی سے ہٹنے کے باوجود اہم کھلاڑی کے طور پر مؤثر کردار ادا کرینگے لاہور اور راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز جیسی گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی گئی،ٹیسٹ ٹیم ہیڈ کوچ
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ٹیسٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئی۔ ٹیم اسلام آباد سے براستہ دوحہ اور لندن ویسٹ انڈیز پہنچے گی۔بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے دارالحکومت پورٹ آف سپین اور ٹوروبا میں میچز کھیلے گی۔روانگی سے قبل پاکستان سکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تین دن بھرپور ٹریننگ کی اور دو روزہ سیناریو بیسڈ میچ بھی کھیلا۔ پاکستان ٹیسٹ ٹیم ویسٹ انڈیز میں 18 سے 21 جولائی تک چار روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ٹیسٹ میچز 25 جولائی سے 10اگست تک برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ٹوروبا اور کوئینز پارک اوول پورٹ آف سپین میں شیڈول ہیں۔ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا کہ شان مسعود کپتانی سے ہٹنے کے باوجود ٹیم کے لیے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔
سرفراز نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی میں سخت تربیتی کیمپ لگائے جہاں ویسٹ انڈیز جیسی گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ گرین پچز اور سپن ٹریکس دونوں پر بھرپور پریکٹس کرائی گئی جبکہ ٹرینیڈاڈ میں چار روزہ وارم اپ میچ بھی ٹیم کو مقامی حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دے گا۔سرفراز احمد نے حالیہ خراب نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کی گئی ہیں تاکہ ان سے توقعات واضح کی جا سکیں۔ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ کپتان بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور تجربہ کار قائد ہیں جبکہ ٹیم کا ہدف ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اپنے نام کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments