کامن ویلتھ گیمز،شرکت کرنیوالے متعدد عالمی کھلاڑی لاپتہ

کامن ویلتھ گیمز،شرکت کرنیوالے متعدد عالمی کھلاڑی لاپتہ

یوگنڈا باکسنگ ٹیم کے 4 ارکان بھی غائب،تحقیقات جاری ہیں:سکاٹ لینڈ پولیس

سکاٹ لینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک)گلاسگو میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے متعدد کھلاڑی لاپتہ ہو گئے اور اپنی ٹیموں کے دیگر ارکان کے ساتھ اپنے وطن واپس نہیں گئے ۔سکاٹ لینڈ پولیس کے مطابق اتوار کو گیمز کے اختتام پذیر ہونے کے بعد متعدد کھلاڑیوں کے بارے میں اطلاع ملی ہے کہ ان کا سراغ نہیں مل رہا۔ یوگنڈا کی باکسنگ ٹیم کے 4 ارکان بھی وطن واپسی کی پرواز میں سوار نہیں ہوئے ۔ ٹیم کے ایک رکن نے بتایا ہے کہ یہ کھلاڑی سکاٹ لینڈ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سکاٹ لینڈ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ متعدد کھلاڑیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

یوگنڈا کے مقامی میڈیا نے لاپتہ باکسرز کے نام  نوحو باتے ، اینجل کاتوشابے ، ابراہیم کیمس اور ایملی نکالیما بتائے ہیں۔ گلاسگو 2026 کی قیام کی پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کو اپنے مقابلے ختم ہونے کے دو روز بعد وہ رہائش گاہیں چھوڑنا تھیں جو انہیں کھیلوں کے دوران فراہم کی گئی تھیں۔گلاسگو کی ترجمان سوفی ایشکرافٹ نے کہا کہ جب کھلاڑی اور معاون عملہ شہر کو چھوڑتا ہے تو ہم سکاٹ لینڈ پولیس، بارڈر فورس اور یو کے ویزا اینڈ امیگریشن سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں تاکہ گیمز کا محفوظ اختتام یقینی بنایا جا سکے ۔مستقبل میں پناہ کی کسی بھی درخواست کا جائزہ انفرادی بنیادوں پر لیا جائے گا اور اسے مقدمے کے حقائق اور دستیاب شواہد کی روشنی میں پرکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...