ویمنز ہاکی ہائی پر فارمنس اینڈ کوچنگ ڈویلپمنٹ پروگرام کا اعلان
پہلا 10روزہ تربیتی کیمپ 7اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا،انڈر 15، 18، 21اور سینئر کیٹیگریز کی بہترین پلیئرز مدعو پروگرام کے دوسرے مرحلے کے طور پر پی ایچ ایف کا مارچ میں سینئر اور جونیئر ویمنز ٹیموں کو تین ہفتوں کیلئے ہالینڈ بھیجنے کا منصوبہ
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ملک میں خواتین کی ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے "قومی ویمنز ہاکی ہائی پرفارمنس اینڈ کوچنگ ڈویلپمنٹ پروگرام" کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں پہلا 10 روزہ قومی تربیتی کیمپ 7 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ اس اہم کیمپ میں ملک بھر سے انڈر 15، انڈر 18، انڈر 21 اور سینئر کیٹیگریز کی بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ منتخب کوچز اور سپورٹ سٹاف کو مدعو کیا گیا ہے ۔کیمپ کی ٹیکنیکل قیادت ہالینڈ کے تجربہ کار ہاکی کوچ رچرڈ سنیجر کریں گے ۔
وہ قومی کھلاڑیوں اور مقامی کوچز کے ساتھ مل کر پاکستان میں ویمنز ہاکی کے لیے ایک جدید اور اعلیٰ معیار کا ہائی پرفارمنس فریم ورک تشکیل دیں گے ۔کیمپ کے دوران ہالینڈ کے کوچ چاروں کیٹیگریز کی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا تکنیکی اور جسمانی معائنہ کرینگے ۔ہر عمر کے گروپ کے لیے ان کی ضروریات کے مطابق الگ تربیتی شیڈول کی تیاری اور نئے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور قومی ٹیم تک رسائی کا منظم طریقہ کار مرتب کیا جائے گا اسکے علاوہ وہ پاکستانی کوچز کی عملی تربیت تا کہ وہ اس پروگرام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھ سکیں۔ رچرڈ سنیجر سال بھر کے دوران وقفے وقفے سے پاکستان کے دورے کریں گے تا کہ کھلاڑیوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے ،پروگرام کے دوسرے بڑے مرحلے کے طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مارچ میں سینئر اور جونیئر ویمنز ٹیموں کو تین ہفتوں کے لیے ہالینڈ بھیجنے کا منصوبہ ہے ۔اس دورے کے دوران پاکستانی ٹیمیں ہالینڈ کے نامور ویمنز ہاکی کلبوں کے ساتھ مشقیں کریں گی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments