ملک گیر ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان
قومی چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی پر ٹیموں اور کھلاڑیوں کا انعامات دئیے جائینگے جنوری میں آل پاکستان انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپس کرائی جائیں گی :پی ایچ ایف
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک گیر سطح پر قومی انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد سکول کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، ملک بھر سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کرنا، ایک وسیع قومی ٹیلنٹ پول تیار کرنا اور سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک ایک منظم راستہ قائم کرنا ہے ۔جنوری 2027 کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں انڈر 15 سکول ہاکی چیمپئن شپس کرائی جائیں گی۔ ان مقابلوں کا انعقاد متعلقہ کھیلوں کے محکمے ، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹس، آئی بی سی سی، تعلیمی بورڈز اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔ اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر سکولوں کو شرکت کی ترغیب دی جائے گی تاکہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ سامنے آ سکے ۔جنوری کی چیمپئن شپس کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے والے قومی مقابلے کیلئے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے 4، 4 جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے 2، 2 ٹاپ ٹیمیں کوالیفائی کریں گی، لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کیلئے یکساں عمل اپنایا جائے گا۔منتخب تمام علاقائی ٹیمیں فروری 2027 میں اسلام آباد میں یکجا ہوں گی،جہاں پی ایچ ایف کے سلیکٹرز اور معتبر کوچز کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں، فٹنس اور کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لے کر قومی ڈیٹا بیس تیار کریں گے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی چیمپئن شپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی تین ٹیموں کو ٹرافیز، میڈلز اور ترقیاتی امداد دی جائے گی۔ بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، ڈیفینڈر، مڈفیلڈر اور فارورڈ کیلئے خصوصی انفرادی انعام کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments