نائیجیریا میں مسلح افراد کے متعدد دیہات پر حملے، 40 افراد ہلاک، 100 سے زائد اغوا
ابوجا: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کی وسطی ریاست نائجر میں کئی دیہات پر مسلح افراد کے حملوں کے دوران 100 سے زائد افراد کو اغوا کر لیا گیا، جبکہ پولیس اور مقامی رہائشیوں کے مطابق حملوں میں 40 سے زیادہ افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق فوجی طرز کے لباس میں ملبوس حملہ آوروں نے نماز کے بعد بورگو لوکل گورنمنٹ ایریا میں واقع ڈیکارا، گیدان زانا، سابون گیدا اور ماساکا نامی دیہات کو نشانہ بنایا۔
پولیس ترجمان واسیو ابیودون نے بتایا کہ حکام کو شبہ ہے کہ حملہ آور مسلح جرائم پیشہ گروہ، یعنی ڈاکو تھے جو نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار میں ملوث ہیں۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق مسلح افراد نماز کے بعد ڈیکارا میں داخل ہوئے، لوگوں کو ایک جگہ جمع کیا اور انہیں قریبی جنگلات میں لے گئے، جس کے بعد وہ دیگر قریبی دیہات کی جانب روانہ ہوگئے۔
مقامی رکنِ اسمبلی جعفر محمد شیٹی مان بورگو نے بھی حملوں کی تصدیق کی ہے۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب دور دراز علاقے بورگو میں مسلح گروہوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، یہ علاقہ نائیجیریا کی ریاستوں کیبی اور کوارا کے علاوہ پڑوسی ملک بینن کی سرحد سے بھی ملتا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں پولیس نے بتایا تھا کہ بورگو کے چار دیہات کونکو سو، کاسوان داجی، تنگن ماکری اور شفاچی سے اغوا کیے گئے 145 افراد کو بازیاب کرا لیا گیا۔
یہ افراد ان 308 مغویوں میں شامل تھے جنہیں حکام کے مطابق ایک بڑے سکیورٹی آپریشن کے دوران بازیاب کرایا گیا، جن میں پڑوسی ریاست کوارا سے اغوا کیے گئے 160 سے زائد افراد بھی شامل تھے۔
تازہ حملوں نے نائجر ریاست اور شمالی وسطی نائیجیریا میں جاری سکیورٹی بحران کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے، جہاں مسلح گروہ دور دراز جنگلات اور کمزور سکیورٹی نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملے اور اغوا برائے تاوان کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments