4گولڈ میڈل جیتنے والا بھارتی ایتھلیٹ سبزیاں بیچنے پر مجبور
امر دیپ نے 13برس کی عمر میں کھیلنا شروع کی اور تھرو بال میں نام کمایا کئی بار رابطے کے باوجود حکام نے مالی امداددی نہ ہی نوکری مل سکی :کھلاڑی
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک )بھارت کے لئے چار مرتبہ عالمی سطح پر گولڈ میڈل جیتنے والے تھرو بال کھلاڑی امر دیپ کمار اپنے خاندان کا گزر بسر کرنے کے لئے ٹیکسی چلانے اور سبزیاں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ جھاڑکھنڈ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ امر دیپ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ حکام سے مالی امداد اور سرکاری ملازمت کے لئے کئی بار رابطہ کرچکے ہیں تاہم تاحال انہیں کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔امر دیپ نے 13 برس کی عمر میں کھیل کا آغاز کیا اور بعد ازاں تھرو بال میں نمایاں مقام بنایا۔انہوں نے 2015 میں ملائیشیا میں ایشین جونیئر تھرو بال چیمپئن شپ میں پہلا عالمی گولڈ میڈل جیتا۔اس کے بعد 2017 میں کھٹمنڈو، 2019 میں بنگلورو اور 2026 میں رانچی میں ساؤتھ ایشین چیمپئن شپ میں بھی طلائی تمغے اپنے نام کئے ۔کھلاڑی کے مطابق ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے انہیں کئی مرتبہ قرض لینا پڑا جسے وہ ٹیکسی چلا کر اور سبزیاں فروخت کرکے واپس کرتے رہے ۔امر دیپ کا کہنا ہے کہ دیگر ریاستوں کے کئی ساتھی کھلاڑیوں کو کھیلوں کی کامیابی پر سرکاری ملازمتیں اور مراعات ملیں مگر ان کی درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں۔فی الحال وہ رانچی کے ارگورا چوک پر ٹیکسی چلانے کے ساتھ والد کے سبزی کے کاروبار میں ہاتھ بٹاتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments