شہباز شریف کا نیپالی سفارتخانے کا دورہ، سیلاب سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے سفارتخانے پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
.jpg)
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے حکومت اور نیپال کے عوام، بالخصوص سانحے میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے نیپال کے وزیراعظم بالندر شاہ سے ٹیلی فون پر ہونے والی حالیہ گفتگو میں اپنے جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں نیپال کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
شہباز شریف نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے اواخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ وہاں جاری امداد اور بحالی کی کارروائیوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم نے نیپال کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیپال کے باہمت عوام اس سانحے سے مزید مضبوط ہو کر ابھریں گے۔
.jpg)
انہوں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ضرورت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے رہیں گے۔
نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کے ہمدردانہ اور حوصلہ افزا کلمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار یکجہتی کو نیپال کے عوام طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔
سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم شہباز شریف کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments