سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی نے سندھ کی کسی بھی قسم کی تقسیم یا حدود میں تبدیلی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی، قرارداد پیپلز پارٹی کے رہنما نثار احمد کھوڑو نے پیش کی، جسے ایوان میں موجود ارکان نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔

قرارداد کی منظوری کے موقع پر پیپلز پارٹی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے، جبکہ ارکان کے ہاتھوں میں ’’سندھ دھرتی ماں ہے‘‘ کے بینرز بھی موجود تھے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، سندھ کی تقسیم یا حدود میں تبدیلی کی ہر تجویز مسترد کرتے ہیں۔ سندھ کے کسی ضلع، ڈویژن یا علاقے کو الگ کرنے کا منصوبہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

قرارداد میں سندھ کے کسی حصے کو الگ کرنے یا وفاقی انتظام کے تحت دینے کی بھی مخالفت کی گئی اور واضح کیا گیا کہ سندھ کی وحدت اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

قرارداد کے مطابق سندھ کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر سندھ اسمبلی اپنا آئینی اختیار استعمال کرے گی، جبکہ وفاق کی تمام اکائیوں کے آئینی حقوق اور سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔

ایوان نے قرار دیا کہ وفاق کی تشکیل نو سے متعلق کوئی بھی بحث آئین اور عوامی رضامندی کے تحت ہونی چاہیے۔ وفاقی حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں سندھ کے عوام کے جمہوری فیصلے کا احترام کریں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ سندھ کی وحدت سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہے اور سندھ کی تاریخی، آئینی و علاقائی شناخت کا تحفظ کیا جائے گا۔

سندھ اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...