کراچی: پیسے ہتھیانے کیلئے شہری پر مبینہ جھوٹا مقدمہ درج کرنے کا سنگین معاملہ سامنے آگیا

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں شہری کو مبینہ طور پر رقم ہتھیانے کیلئے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا سنگین معاملہ سامنے آگیا، جس پر پولیس افسران سمیت متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر مجرمانہ سازش، جعلسازی، جھوٹے شواہد تیار کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مقدمے میں الزام ہے کہ شہری کو مبینہ طور پر مقدمے میں پھنسانے کیلئے فرضی موقع معائنہ تیار کیا گیا جبکہ مقدمے کو مضبوط بنانے کیلئے جعلی دستاویزات اور جھوٹے گواہ بھی تیار کیے گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق شہری کے اکاؤنٹ میں مبینہ طور پر ایک لاکھ روپے منتقل کیے گئے اور اس رقم کی منتقلی کو شہری کے خلاف ثبوت کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس تفتیش کے دوران مبینہ جعلسازی اور سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل کا انکشاف بھی ہوا، معاملے پر شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں مقدمہ نمبر 1572/2026 درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں پولیس افسران کے مبینہ کردار کی تفصیلات بھی شامل ہیں، مقدمے میں شاہ لطیف تھانے کے 2 سابق ایس ایچ اوز اور ایک انویسٹی گیشن افسر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی حقیقت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...