سہ ملکی سیریز ،ای سی بی کا سکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا
انگلینڈ کے وفد کی محکمہ داخلہ پنجاب آمد ،سیکرٹری داخلہ کی انتظامات پر بریفنگ
لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان میں آئندہ ماہ ہونی والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کے حوالے سے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سکیورٹی وفد نے گزشتہ روز محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی سربراہی میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کی سکیورٹی کے بارے میں اہم اجلاس ہوا ۔ وفد میں برطانوی کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل آپریشنز روب ہل مین، ڈائریکٹر سکیورٹی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ ریگ ڈکاسن، چیف ایگزیکٹو آفیسر انگلینڈ پلیئر کرکٹ ایسوسی ایشن ڈیرل مچل شامل تھے ۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی میں کرکٹ میچز کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں،قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حوالے سے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
میچز کیلئے پنجاب سیف سٹیز، قذافی سٹیڈیم اور ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم ہوں گے ، میچز کے تمام روٹس سی سی ٹی وی کیمروں سے کور ہونگے ۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ لاہور میں میچز کے دوران سکیورٹی کیلئے 7ہزار849 جبکہ راولپنڈی میں 6ہزار460 اہلکار تعینات ہوں گے ۔ برطانوی وفد کے ارکان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے کیلئے بہت پُرجوش ہے ۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق سکیورٹی وفد پی سی بی حکام کے ساتھ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بھی دورہ کرے گا بعدازاں راولپنڈی جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments