عبدالرحمن پولی گراس میجک سکل ایوارڈ جیت گئے
عبدالرحمن پولی گراس میجک سکل ایوارڈ جیت گئے پاکستانی پلیئر نے ہاکی ورلڈکپ میں ویلز کیخلاف خوبصورت گول کیاتھا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ میجک سکل ایوارڈز کا اعلان کردیا۔ایف آئی ایچ کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق ہالینڈ اور بیلجیئم میں اختتام پذیر ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے بعد عالمی سطح پر شائقین ہاکی کی جانب سے کی گئی ووٹنگ کے نتیجے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی عبدالرحمن کو پولی گراس میجک سکل ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا ہے ۔مینز کیٹیگری میں ایوارڈ اپنے نام کرنے والے پاکستان کے عبد الرحمن نے ویلز کے خلاف میچ میں شاندار تھری ڈی سکلز کا مظاہرہ کیا۔میگا ایونٹ کے دوران عبد الرحمن نے ویلز کے خلاف چار دفاعی کھلاڑیوں کو ڈاج کرکے خوبصورت گول سکور کیا تھا۔ اس شاندار گول کو دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور انہوں نے 44 فیصد ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ خواتین میں گول کیپر بیچو دیوی کاریبام 52 فیصد ووٹ لے کر فاتح قرار پائیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمن کو اس شاندار عالمی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی یہ کامیابی پاکستان میں ہاکی کے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments