پاک چائنہ گیمز،راولپنڈی کی ٹیمیں ٹرائلز کے بغیر منتخب
لاہور پہنچنے والے 150رکنی دستے کیلئے کوئی ٹریننگ کیمپ بھی نہیں لگا یاگیا ایسوسی ایشنز کا نوٹس لینے کا مطالبہ ،ڈی او سپورٹس کا موقف دینے سے گریز
راولپنڈی(زاہد اعوان/سپورٹس رپورٹر)پاک چائنا فرینڈشپ گیمز کے انٹر ڈویژن مقابلے آج سے لاہور میں شروع ہو رہے ہیں جو 28ستمبر تک نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں جاری رہیں گے ۔ راولپنڈی ڈویژن کا تقریباً ڈیڑھ سو رکنی دستہ بھی ان کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے لاہور پہنچ چکا ہے لیکن کسی کو یہ معلوم نہیں کہ راولپنڈی ڈویژن کی ٹیموں کا انتخاب کب اور کیسے ہوا؟ ،گزشتہ کم از کم تین ماہ کے دوران نہ تو کسی ٹیم کی سلیکشن کیلئے ٹرائلز ہوئے اور نہ ہی کوئی ٹریننگ کیمپ لگایاگیا۔ پاک چائنا فرینڈشپ گیمز میں ٹیبل ٹینس، ووشو، تائی چی، جمناسٹک، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، فٹ بال، ٹینس، والی بال اور ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں کھلاڑی مدمقابل ہوں گے تاہم ان گیارہ کھیلوں میں سے راولپنڈی ڈویژن کی کوئی بھی ٹیم میرٹ پر منتخب نہیں کی گئی۔ کھیلوں کی مختلف ایسوسی ایشنوں اور ماہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی سیکرٹری سپورٹس اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی او سپورٹس وحید احمد اپنے پیشہ ورانہ فرائض میں دلچسپی ہی نہیں لیتے ، اس حوالے سے ان کا موقف جاننے کیلئے رابطے کی کوشش کی گئی اور انہیں واٹس ایپ پر میسج بھی کیا گیا تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments