پاکستان سپر لیگ کا نیا سفر، براہ راست کھلاڑی سائن کرنیکا آغاز
فرنچائز کو ایک ایسے کھلاڑی سے معاہدہ کی اجازت ہوگی جو 10ویں یا 11ویں سیزن کا حصہ نہ رہا ہو،12واں ایڈیشن 46دنوں پر محیط 5 سے 6 مختلف شہروں میں کل 44 میچز ہونگے ،بہترین کارکردگی والے ڈومیسٹک پلیئر زکو براہِ راست لیگ میں شمولیت کا موقع ملے گا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا باضابطہ روڈ میپ جاری کرتے ہوئے لیگ کے نئے سیزن کے سفر کا آغاز کر دیا ہے ، جس کے تحت تمام آٹھ فرنچائزز کے لیے براہِ راست (ڈائریکٹ) کھلاڑیوں کو سائن کرنے کی ونڈو کھول دی گئی ہے جو 23 نومبر 2026 تک جاری رہے گی، جس دوران ہر فرنچائز کو ایک ایسے معروف (مارکی) کھلاڑی سے براہِ راست معاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی جو پی ایس ایل کے 10ویں یا 11ویں سیزن کا حصہ نہ رہا ہو۔ ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں کی منتقلی سے لے کر 23جنوری 2027 کو ہونے والے پلیئر آکشن تک کے تمام مراحل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، جبکہ لیگ کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی تک 46 دنوں پر محیط ہوگا جس میں 5 سے 6 مختلف شہروں کے میدانوں پر کل 44 میچز کھیلے جائیں گے ۔
مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور پاکستان کرکٹ کی بنیاد مضبوط بنانے کے لیے پی سی بی نے اپنے ڈومیسٹک کیلنڈر کو پی ایس ایل پری سیزن کے ساتھ منسلک کر دیا ہے ، جس کے تحت نیشنل ٹی 20گولڈ اور نیشنل ٹی 20سلور ٹورنامنٹس پلیئر آکشن سے قبل ٹیلنٹ کی نشاندہی کا بنیادی ذریعہ بنیں گے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو براہِ راست پی ایس ایل اور قومی ٹیم میں شمولیت کا موقع فراہم کریں گے ۔ علاوہ ازیں اگلے ہفتے فرنچائزز کی ایک اہم ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں کھلاڑیوں کی ریٹینشن (برقرار رکھنے )، پری آکشن ٹریڈ ونڈو، آکشن کے قوانین اور کھیلنے کے ضوابط کی حتمی تاریخیں طے کی جائیں گی۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 12 اب تک کا سب سے شاندار اور عزائم سے بھرپور ایڈیشن ہوگا جسے ریکارڈ ہجوم کے بعد اب ریکارڈ شہروں تک پھیلایا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments