سلطان آف جوہر کپ ،پاکستان ہاکی ٹیم فائنل میں داخل
سلطان آف جوہر کپ ،پاکستان ہاکی ٹیم فائنل میں داخل قومی ٹیم نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر کوالیفائی کیا،فائنل ملائشیا کیساتھ ہو گا
لاہور (سپورٹس ڈیسک)سلطان آف جوہر کپ کے سنسنی خیز اور اہم ترین مرحلے میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ فائنل کا معرکہ اب پاکستان اور میزبان ملائشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اپنے آخری پول میچ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا جو مقررہ وقت تک 2-2 کی برابری پر ختم ہوا۔ کھیل کے 18ویں منٹ میں جاپان کے یاماڈا سیا نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ 34ویں منٹ میں پاکستان کے حمزہ فیاض نے پنلٹی کارنر/سٹروک پر شاندار گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ 42ویں منٹ میں جاپان کے ناکائی کازوکی نے فیلڈ گول داغ کر جاپان کو دوبارہ 2-1 سے آگے کر دیا لیکن صرف ایک منٹ بعد 43ویں منٹ میں پاکستان کے غلام مصطفی نے جواب میں گول کر کے سکور 2-2 کر دیا۔ میچ برابر رہنے کے بعد پاکستان اور جاپان دونوں کے 4 میچوں میں 7, 7 پوائنٹس تھے اور دونوں کا گول فرق بھی +8 رہا تاہم پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں کل 18 گول سکور کیے جبکہ جاپان نے 16 گول کئے ۔ زیادہ گولز سکور کرنے کی بنیاد پر پاکستان نے فائنل میں جگہ پکی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments