تیز ترین 150 ون ڈے وکٹیں: شاہین نے وقار اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا

تیز ترین 150 ون ڈے وکٹیں: شاہین نے وقار اور شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا

ثقلین مشتاق 78میچز میں 150ون ڈے وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر موجود ،شاہین آفریدی دوسرے نمبر پر آگئے ،فاسٹ باؤلرزمیں سب سے آگے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں انگلینڈ کے ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے کارنامہ انجام دیا ،عالمی سطح پر مشترکہ طور پرچوتھے تیز ترین باؤلر بن گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرلیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہین آفریدی نے انگلینڈ کے ان فارم اوپنر ٹام بینٹن کو پہلے ہی اوور میں آؤٹ کرکے اپنی 150ویں ون ڈے وکٹ حاصل کی ۔ٹام بینٹن نے اپنی گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں سکور کی تھیں تاہم شاہین کی فل لینتھ گیند پر کور میں کیچ دے بیٹھے ۔شاہین آفریدی نے اپنے 80ویں ون ڈے میچ میں 150 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا جبکہ پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلرز وقار یونس اور شعیب اختر نے یہ کارنامہ 91، 91 میچز میں انجام دیا تھا۔پاکستانی باؤلرز میں شاہین آفریدی اب اس سنگ میل تک پہنچنے والے دوسرے تیز ترین باؤلر ہیں، ان سے آگے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے 78 ون ڈے میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں۔عالمی سطح پر شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین باؤلر بن گئے ہیں،افغانستان کے راشدخان ،بھارت کے محمد شامی بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ نیپال کے سندیپ لیمچھانے نے 73 میچز میں یہ اعزاز حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا،آسٹریلیا کے مچل سٹارک 77میچز کے ساتھ دوسرے جبکہ ثقلین مشتاق تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...