روس کے بین الاقوامی اقتصادی فورم 2026ء کے سفیر کے عہدے پر پاکستانی شخصیت کی تقرری
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے تیسرے بین الاقوامی تاوریدا سرمایہ کاری و اقتصادی فورم (ТИЭФ-2026) کے سفیر کے عہدے پر پاکستانی شخصیت راجہ قدیر احمد کو مقرر کر دیا گیا۔
خیرسون ریجن کے گورنر کے مشیر اور فاؤنڈیشن برائے مستقبل کی ترقی کے ڈائریکٹر آر ایف سیرتلانوف نے تقرری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا، راجہ قدیر احمد کی اعزازی تقرری 7 اکتوبر 2026 سے مؤثر ہے۔
حکم نامے کے مطابق راجہ قدیر احمد بین الاقوامی تقریبات اور مذاکرات میں فورم کی نمائندگی کریں گے، جبکہ مختلف ممالک کے کاروباری وفود، مقررین اور اہم شخصیات کو فورم میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔
تیسرے بین الاقوامی تاوریدا سرمایہ کاری و اقتصادی فورم کا مرکزی موضوع ’’تعلیم اور افرادی قوت: انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری‘‘ ہے، فورم میں تعلیم، مصنوعی ذہانت، پیشہ ورانہ تربیت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تجارتی تعاون کے موضوعات پر مباحثے ہوں گے۔
فورم میں کاروباری اداروں اور یونیورسٹیوں کے درمیان براہ راست ملاقاتوں، مشترکہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
فورم کی دستاویزات کے مطابق شرکا کو 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں کے ساتھ کاروباری اور تعلیمی روابط قائم کرنے کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments