امریکی سینٹکام کمانڈر کا آبنائے ہرمز کا دورہ، سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعویٰ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینٹکام کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے آبنائے ہرمز کا فضائی دورہ کیا اور سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے والے امریکی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
امریکی سینٹکام کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے امریکی فوجی ہیلی کاپٹر میں آبنائے ہرمز کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے بارودی سرنگوں کی صفائی کے مشن میں مصروف اہلکاروں کی لگن کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے بچھائی گئی سمندری بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکا خلیجی شراکت داروں اور شپنگ انڈسٹری کے ساتھ کھڑا ہے اور آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
سینٹکام کمانڈر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی امریکا کی ترجیح ہے اور امریکا اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس اہم گزرگاہ میں بحری آمدورفت کو کنٹرول کر رہا ہے۔
امریکی سینٹکام کے مطابق امریکی افواج کی مدد سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 3 ہزار سے زائد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ خلیجی ممالک کو 1 ارب 50 کروڑ بیرل سے زائد خام تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔
سینٹکام نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 95 فیصد سے زائد جہاز محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں بحری آمدورفت کی حفاظت عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments