ملک میں نئے انتظامی یونٹس کی تحریک فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکی ہے: مصطفیٰ کمال

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے انتظامی یونٹس کے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک ایک ایسے فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں شاہراہِ فیصل پر کراچی اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کے ذریعے نئے انتظامی یونٹس کے حق میں فیصلہ سنانے کے لیے تیار ہے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کراچی اور پاکستان کے عوام کو عزت کے ساتھ جینے کا حق دلانے کی جدوجہد ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، لیکن اس کے باوجود شہری پینے کے صاف پانی، بجلی، پبلک ٹرانسپورٹ، ہسپتالوں میں ادویات اور بچوں کے لیے معیاری تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اور ہماری آنے والی نسلیں اس ملک میں عزت کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی ہیں، اب تمام سٹیک ہولڈرز کو یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ موجودہ نظام کے تحت پاکستان مزید آگے نہیں بڑھ سکتا۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام عوام کے مسائل کے حل اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے۔

دوسری جانب اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کارکن بکاؤ مال نہیں ہے، انہیں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کا کارکن ہونے پر فخر ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...