جدید ٹیکنالوجی،ایک آپریٹر 130 ڈرونز کنٹرول کر سکے گا
میساچیوسٹس(نیٹ نیوز)جدید جنگی ہتھیار بنانے والی امریکی کمپنی ‘ریتھیون’ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایسی ٹیکنالوجی وضع کرلی ہے جسے استعمال کرتے ہوئے صرف ایک آپریٹر 130 ڈرونز کنٹرول کرسکتا ہے ۔
یہ ٹیکنالوجی امریکی ایجنسی ‘ڈارپا’ کے ‘آفسیٹ پروگرام’ کیلئے تیار کی گئی ہے تاکہ مستقبل کے میدانِ جنگ میں کم فوجیوں کی مدد سے زیادہ تعداد میں خودکار طیارے کنٹرول کئے جاسکیں اور دشمن کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جاسکے ۔ بڑی تعداد میں ڈرونز کو ایک ساتھ کنٹرول کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت کے تحت ‘‘سوارم انٹیلی جنس’’ نامی شعبے سے استفادہ کیا گیا ہے ۔ تاہم مستقبل میں یہی ٹیکنالوجی زمین پر چلنے والی خودکار گاڑیوں اور سمندر میں تیرتی ہوئی خودکار کشتیوں اور آبدوزوں کی بڑی تعداد کو ایک ساتھ کنٹرول کرنے کے قابل بنا لی جائے گی۔