فضائی آلودگی شریانوں میں رکاوٹ کا باعث، نئی تحقیق
لاہور(نیٹ نیوز)نئی طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی دل کی شریانوں میں رکاوٹ اور سختی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جس سے سنگین امراضِ قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکاگو میں ریڈیالوجیکل سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے منعقدہ سالانہ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طویل عرصے تک عام فضائی آلودگی کا شکار رہنے والے افراد میں شریانوں کے سخت ہونے سے پیدا ہونے والی دل کی سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔محققین نے بتایا ہے کہ فضائی آلودگی کی سطح جو سرکاری معیارات کے قریب یا اس سے کم تھی، وہ بھی دل کی بیماریوں کی ابتدائی علامات سے وابستہ پائی گئی۔ مرکزی محقق ڈاکٹر فلپ کاسٹیلو اراوینا نے کہا کہ کم سطح پر بھی فضائی آلودگی کورونری شریانوں میں زیادہ پلاک بننے سے منسلک ہے۔