بلڈ پریشر کے مریضوں کیلئے ماؤتھ واش انتہائی خطرناک
لندن(نیٹ نیوز)سائنسی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ماؤتھ واش کا بار بار استعمال بلڈ پریشر کے قدرتی توازن میں خلل ڈال سکتا ہے۔۔۔
ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ منہ میں موجود وہ مفید بیکٹیریا ہیں جو نائٹرک آکسائیڈ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نائٹرک آکسائیڈ ایک قدرتی مرکب ہے جو خون کی نالیوں کو پھیلانے اور بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔تحقیق بتاتی ہے کہ زبان اور مسوڑھوں پر موجود مائیکروسکوپک بیکٹیریا غذائی نائٹریٹ کو نائٹرک آکسائیڈ میں تبدیل کرتے ہیں۔ جب طاقتور جراثیم کش ماؤتھ واش ان بیکٹیریا کو بار بار ختم کرتا ہے تو نائٹرک آکسائیڈ کی دستیابی کم ہو جاتی ہے ، جس کے نتیجے میں جسم کے لیے بلڈ پریشر کو متوازن رکھنا مشکل ہو سکتا ہے ۔ نئے نتائج بتاتے ہیں کہ مسلسل ماتھ واش کا استعمال نائٹرک آکسائیڈ کے نظام کو متاثر کر کے دل اور میٹابولزم سے جڑی صحت پر اثر ڈال سکتا ہے ۔