درمیانی عمر میں دماغ کو جوان رکھنے کی آسان عادت
لاہور(نیٹ نیوز)عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کی رفتار بڑھ جاتی ہے مگر درمیانی عمر میں ایک عام عادت کو اپنا کر آپ اس کی روک تھام کرسکتے ہیں۔
جرنل آف سپورٹس اینڈ ہیلتھ سائنس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کے ایک سادہ مگر مستحکم معمول کو اپنا کر دماغ کو حیاتیاتی طور پر جوان رکھنے میں مدد ملتی ہے ۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد ایروبک ورزشوں کو معمول بنا لیتے ہیں، ان کا دماغ اصل عمر سے زیادہ جوان محسوس ہوتا ہے ۔ایروبک ورزشیں تیز رفتاری سے چہل قدمی، دوڑنے ، تیراکی، سیڑھیاں چڑھنے اور سائیکل چلانے جیسی سرگرمیوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ان ورزشوں سے دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے جبکہ سانس پھول جاتی ہے ، جس سے دل اور نظام تنفس سے جڑی صحت بہتر ہوتی ہے ۔ محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ جسمانی فٹنس دماغ کے لیے بھی فائدہ مند ہوتی ہے ۔