رات دیر سے سونے کی عادت صحت کیلئے خطرناک
لاہور(نیٹ نیوز)بدلتے طرزِ زندگی اور موبائل و دیگر سکرینز کے بڑھتے استعمال نے لوگوں کے سونے جاگنے کے معمولات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
ماہرین صحت خبردار کر رہے ہیں کہ اگر کوئی شخص مستقل طور پر رات 11 بجے کے بعد سونے کا عادی ہو جائے تو یہ عادت مستقبل میں مختلف جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے، جن میں ذیابیطس، دل کے امراض اور ذہنی دباؤ شامل ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق صحت مند زندگی کے لیے روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی معیاری نیند نہایت ضروری ہے۔ نیند کے دوران جسم اور دماغ خود کو بحال کرتے ہیں، ہارمونز کا توازن برقرار رہتا ہے اور جسم سے مضر مادوں کے اخراج کا عمل بہتر ہوتا ہے۔ اگر نیند پوری نہ ہو یا اس کا معیار خراب ہو تو دن بھر تھکن، چڑچڑاپن اور توجہ میں کمی جیسی مشکلات سامنے آ سکتی ہیں۔