چین میں سیرامک پر مبنی لیتھیم آئن مائیکرو بیٹری تیار
بیجنگ(نیٹ نیوز)چینی سائنس دانوں نے بیٹری ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے سیرامک پر مبنی لیتھیم آئن مائیکرو بیٹری تیار کر لی ہے ، جو 150 ڈگری سینٹی گریڈ تک محفوظ اور مستحکم انداز میں کام کر سکتی ہے ۔
عام لیتھیم آئن بیٹریوں میں موجود مائع الیکٹرولائٹ لیک ہونے یا نقصان پہنچنے کی صورت میں آگ لگنے کا خطرہ رہتا ہے ، جبکہ نئی سیرامک بیٹری اس مسئلے کو بڑی حد تک ختم کر سکتی ہے ۔سنگھوا یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ نئی بیٹری نہ صرف زیادہ محفوظ ہے بلکہ چھوٹے سائز، زیادہ توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت اور سخت ماحول میں بھی قابلِ اعتماد کارکردگی کی وجہ سے مستقبل کی ٹیکنالوجی کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے ۔ یہ نئی ایجاد الیکٹرک گاڑیوں، سمارٹ فونز، سمارٹ واچز، طبی آلات اور دیگر جدید الیکٹرانک ڈیوائسز میں استعمال ہونے والی بیٹریوں کو مزید محفوظ اور مؤثر بنانے کی راہ ہموار کر سکتی ہے ۔