حکومت تعلیمی شعبہ میں انقلابی اصلاحات کررہی ہے ‘فرح مسعود

حکومت تعلیمی شعبہ میں انقلابی اصلاحات کررہی ہے ‘فرح مسعود

طلبا کی کردار سازی ‘انہیں مفید شہری بنانے کیلئے اساتذہ تمام تر توانائیاں وقف کر دیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود نے کہا ہے کہ تعلیم کے حصول کا مقصد محض روزگار ہی نہیں ہے بلکہ نئی نسل کی جدید خطوط پر تربیت اور آبیاری ہی اصل مقصود نظر ہے ۔ یہ اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ طلبا کی کردار سازی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں وقف کر دیں تاکہ ترقی یافتہ پاکستان کا خواب جلد شرمندئہ تعبیر ہو سکے ۔ حکومت پنجاب تعلیمی شعبہ میں انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہے اور پنجاب بھر میں ایجوکیٹرز کی میرٹ پر شفاف بھرتی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نئے منتخب ہونیوالے ایجوکیٹرز کی ٹریننگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کے مہمان اعزاز ممبر صوبائی اسمبلی میاں رفیق نے میرٹ پر منتخب ہونیوالے ایجوکیٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے تدریسی فرائض پوری لگن اور تندہی سے سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی تمام تر ترقی اور خوشحالی کا زینہ ہے اور یہ آپ کا فرض ہے کہ طلبا کو پیغمبرانہ پیشے کے امین بن کر زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ اس موقع پر ڈی ایم او آصف علی ڈوگر، ای ڈی او ایجوکیشن چوہدری منشا میو، ڈی ای او سیکنڈری مہر آفتاب احمد، ڈی ای او ایلیمنٹری نذر حسین گجر، ڈی ای او ایلیمنٹری (زنانہ) کوثر نسیم، ڈی ای ٹی راشد محمود اور سکول ہذا کی ہیڈ مسٹریس طاہرہ جبیں سمیت ٹریننگ ٹیم اور ایجوکیٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں